ابوظہبی میں دنیا کے سب سے بڑے اور مہنگے ایکوریم کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اس جدید ایکوریم کے 25 ملین لیٹر پانی میں 68 ہزار سمندری حیات رکھی جائیں گی۔ جس میں شارک، اسکولز آف فش، منٹاریز اور سمندری کچھوے شامل ہیں۔
یہ ایکوریم 2 سے زائد کلو میٹر کے رقبے پر بنایا گیا ہے، جہاں 46 ہزار سے زیادہ مختلف اقسام کے آبی حیات، پرندے اور جانور موجود ہیں۔ ایکوریم کو 10 مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ایکوریم کی ذمہ داری 80 آبی حیات ماہرین کی ٹیم کے سپرد ہے۔
ایکوریکم کے اوقات
یہ ایکوریم اتوار سے بدھ تک صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھلا رہتا ہے۔ جب کہ جمعرات سے ہفتے تک یہ ایکوریم صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک کھلا رہے گا
اس ایکوریم میں چاروں جانب لگے شیشے سے آپ دنیا بھر کی آبی حیات کا خوبصورت نظارہ کرسکتے ہیں۔
ایکوریم میں انٹری کا ٹکٹ کتنا ہے؟
ایکوریم میں انٹری کیلئے 4 نوعیت کے ٹکٹس رکھے گئے ہیں، جس میں جنرل انٹری کے ٹکٹ کی قیمت 105 درہم، گلاس سے باہر دیکھنے کیلئے ٹکٹ کی قیمت 130 درہم، ایکوریم کے مخصوص بو ٹینا حصے کی سیر کیلئے ٹکٹ کی قیمت 150 درہم اور وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 200 درہم ہے۔
جب کہ ایکوریم میں سالانہ بنیادوں پر سیر کیلئے خصوصی ٹکٹ متعارف کرایا گیا ہے، جس کی قیمت 399 درہم ہے، تاہم یہ ٹکٹ صرف تین سال یا اس سے کم عمر بچوں کیلئے ہے۔
ٹکٹ حاصل کرنے کا طریقہ
ایکوریم کی سیر کیلئے ٹکٹ وہاں جا کر یا پھر ان کی آفیشل سائٹ سے خریدے جا سکتے ہیں۔
آبی حیات کے ساتھ مستیاں
اس ایکوریم میں صرف سیر ہی نہیں بلکہ خصوصی ٹکٹ جو 180 درہم کا بنتا ہے، اس کے ذریعے آپ پانی میں جا کر مچھلیوں بشمول پفن، اسٹنگ ری اور شارک کو کھانا بھی کھلا سکتے ہیں۔
ایکوریم کا رستہ
نیشنل ایکوریم ابوظہبی میں دنیا کا سب سے بڑا 7 میٹر لمبا سانپ رکھا گیا ہے۔ سُپر اسنیک نامی اژدھے کا وزن 115 کلو گرام ہے، جب کہ اس کی عمر 14 سال بتائی گئی ہے۔
یہ سانپ ایک بہترین تیراک ہے، اس کی مرغوب غذاؤں میں بطخیں اور خرگوش شامل ہیں۔ ریٹیکو لیٹڈ پائتھن نامی سانپ کو پکڑنے کیلئے 12 افراد پر مشتمل ٹیم مرتب کی گئی اور اسے ابوظہبی کے القانہ میں نیشنل ایکوریم (ٹی این اے) میں رکھا گیا ہے۔
جنوب مشرقی ایشیا کا رہنے والا یہ ریٹیکو لیٹڈ پائتھن دنیا کا سب سے لمبا سانپ ہے، اگرچہ یہ زہریلا نہیں ہے، تاہم وہ اپنے شکار کو اردگرد لپیٹ کر مارتا ہے۔ پائتھن کے جبڑے بہت لچکدار ہوتے ہیں، جو بڑے بڑے سے شکار کو باآسانی نگل لیتے ہیں۔
سانپ کی رکھوالی کیلئے یہاں موجود افراد کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ سانپ ہم سے مانوس ہے مگر اس کے باوجود ہمیں بہت احتیاط سے اس کے نزدیک جانا پڑتا ہے۔
پروجیکٹ کے سی ای او محمد عبداللہ الزابی نے بتایا کہ ان کا ادارہ اس سی ورلڈ پارک کی تعمیر پر نہایت خوش ہے۔ یہ آئندہ نسل کا میرین لائف پارک ہوگا، جب کہ امارات میں یہ آبی حیات کے ایک بڑے تحقیقی مرکز اور جانوروں کی نگہداشت کرنے والے ادارے کے طور پر بھی کام کرے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عالمی سیاحتی مقام میں مقبوبلیت حاصل کرنے کے لیے یہ ایکیوریم ایک اہم کردار ادا کرے گا۔ ایکوریم کی سیر کرنے میں سیاحوں کو 2 گھنٹے تک کا وقت لگے گا۔
ایکوریم جانے سے قبل یہ باتیں یاد رکھیں
سب سے اہم بات اس ایکوریم میں داخلہ اتنا آسان نہیں۔ یہاں داخلے سے قبل کرونا ویکسین سرٹیفیکیٹ اور پی سی آر کی منفی رپورٹ ساتھ لانا لازمی ہوگی، جب کہ ایکوریم میں موجودگی کے دوران فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا۔