وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل فیصل آباد نے سرکاری ریکارڈ سے انگوٹھوں کے نشانات چوری کرکے موبائل فون سمیں فعال کرنے اور آن لائن فراڈ کرنے والے گروہ کو فروخت کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔
ایف آئی اے سرکل فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد رضوان کے مطابق بھکر میں چھاپہ مار کر دو ملزمان توقیر اور نوید کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے عام شہریوں کے نام پر ایکٹو کی گئی 7 ہزار سے زائد موبائل فون سمیں برآمد کی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ ملزمان مبینہ طور پر نادرا سمیت سرکاری ریکارڈ سے شہریوں کی انگوٹھوں کے نشانات چوری کر کے انہیں سیلیکون پر منتقل کرتے اور بائیو میٹرک مشینوں سے سمیں ایکٹو کرکے آن لائن فراڈ کرنے والے گروہ اور جرائم پیشہ افراد کو فروخت کرتے تھے۔
حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ربڑ پر منتقل ساڑھے 6 ہزار انگوٹھوں کے نشانات، بائیو میٹرک مشینیں برآمد کرکے نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔