SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

امریکہ نےفلسطینیوں سےکیا ایک وعدہ پورا کردیا،اسرائیل سیخ پا

امریکہ نےفلسطینیوں سےکیا ایک وعدہ پورا کردیا،اسرائیل سیخ پا
08 November 2021 - 14:29

امریکی وزیر خارجہ کے فلسطین میں دوبارہ سفارتی مشن کھولنے کے وعدہ کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینٹ کا ہفتہ کو کہنا تھا کہ یروشلم میں ایک اور امریکی قونصل خانہ کھولنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ایک نیوز کانفرنس میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسرائیلی وزیرِ اعظم نفتالی بینٹ نے یروشلم کے بارے میں اسرائیلی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ یروشلم میں ایک اور امریکی قونصل خانہ کھولنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہ یروشلم صرف ایک ملک کا دارالحکومت ہے اور وہ ملک اسرائیل ہے۔

اسرائیل کے وزیرِ خارجہ يائر لیپڈ نے تجویز کیا تھا کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ فلسطینیوں کے زیر انتظام مرکز رملہ میں اپنا قونصل خانہ کھول لے مگر فلسطینیوں نے اس تجویز کو اس لیے مسترد کر دیا تھا کہ اس سے یروشلم پر ان کے دعوے کی نفی ہوتی ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے ان فلسطینی علاقوں پر قبضہ جما رکھا ہے جو فلسطین کی مستقبل کی ریاست کا حصہ ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی قونصل خانہ کھلنا عشروں سے جاری اسرائیلی قبضے کے خلاف بین الاقوامی برادری کے وعدوں کا ایک حصہ ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں یروشلم کے قونصل خانے نے کام بند کر دیا تھا جو کئی برسوں سے فلسطینیوں کے لیے دراصل امریکی سفاری مشن کا کام سر انجام دیتا تھا۔ وزیرِ خارجہ بلنکن نے وعدہ کیا تھا کہ اس کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ البتہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس سے اس کا یروشلم پر خود مختاری کا دعویٰ چیلنج ہوتا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق یروشلم میں امریکی قونصل خانے کا کھلنا، بینیٹ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہو گا، کیوں کہ صدر بائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے بارے میں امریکہ پھر اپنی روایتی پالیسی کو اپنا رہا ہے۔