عالمی مارکیٹ میں ہفتہ کو سونے کی فی اونس قیمت26ڈالر کے اضافے سے1818ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔
پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت2800روپے اضافہ کے بعد ایک لاکھ 23ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ 10گرام سونے کی قیمت 2401روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 5ہزار 453روپے ہوگئی۔
صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی گولڈمارکیٹ میں جمعہ کو بھی سونے کی قیمت میں 13ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا تھا۔ دو روز میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 39ڈالر اضافہ ہوگیا ہے جس کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی دیکھا جارہا ہے۔
مقامی مارکیٹ میں ہفتہ کو چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 20روپے کے اضافے سے 1440روپے ہوگئی۔