SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

حکومتی صف میں شامل سمجھدار افراد وزیر اعظم کو نئے انتخابات کیلئے آمادہ کریں، سعد رفیق

حکومتی صف میں شامل سمجھدار افراد وزیر اعظم کو نئے انتخابات کیلئے آمادہ کریں، سعد رفیق
06 November 2021 - 11:49

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ میشن (ای وی ایم) مسلط کرنا چاہتی ہے، جو دنیا کے صرف ’دو ڈھائی‘ ملکوں میں ہیں جبکہ بڑے جمہوری ممالک میں ای وی ایم کا استعمال نہیں ہوتا اس لیے گزشتہ انتخابات میں حکومت کے پاس آر ٹی ایس اور اب ای وی ایم کا بٹن ہاتھ میں ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران سعد رفیق نے کہا کہ آئین میں درج ہے کہ صدر مملکت آرڈیننس اس وقت جاری کرسکتے ہیں جب قانون سازی کے لیے حالات سازگار نہ ہوں تب نظام حکومت کا تسلسل برقرار رہے اس لیے آرڈیننس جاری کیا جاتا ہے لیکن ملک میں ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے ضمنی انتخابات کے بعد مزید وضاحت کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس سے ثابت ہوگیا کہ یہ ووٹ چور حکمران ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں ’دن دھاڑے ووٹ چوری‘ نہیں ہونے دیں گے اور نیب ترمیمی آرڈیننس سے ثابت ہوگیا کہ یہ تو ساری دال ہی کالی نکلی ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس میں حکومت کا فلسفہ ہے کہ خود کسی کے ہاتھ نہ آؤ اور سیاسی مخالفین کو ہاتھ سے جانے نہیں دو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی ریاستی ادارہ حکومت کے شر سے محفوظ نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) نے حکومت کے خلاف ایک روڈ میپ بنا لیا ہے جبکہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنا فیصلہ کرچکی ہے۔

سعد رفیق نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں حکومت کی ناکامی سے متعلق کہا کہ ہم بھرپور انداز میں احتجاج کریں گے، قیمتوں کو کم کرنا اور اس میں توازن برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ ’انہیں تسلیم کر لینا چاہیے کہ جو مینڈیٹ انہیں ملا یا دلوایا گیا تھا، کام نہیں کرسکا تو نظام فیل ہوگیا ہے۔

سعد رفیق نے حکومتی صفوں میں شامل ’سمجھدار‘ لوگوں کو مخاطب کرکے کہا کہ ’وہ عمران خان کو نئے انتخابات پر آمادہ کریں‘۔