گزشتہ روزدبئی میں ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز کا اختتام شاندار شاندار پرفارمنس، جیتنے والوں کی جذباتی تقاریر اور کچھ تنازعات کے ساتھ ہوا۔
گزشتہ سال عثمان خالد بٹ ، نادیہ افگن سمیت کئی معروف شخصیات نے شکایت کی تھی کہ پیسا منتظمین نے دبئی میں انہیں کیسے چھوڑ دیا تھا؟ رواں سال بھی اسی قسم کی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ سنگر آف دی ایئر(جیوری) ایوارڈ کے لیے نامزد بلوچ ٹوئنز (عادل اور عاصم بلوچ ) نے پیسا انتظامیہ کیخلاف امتیازی سلوک رواں رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بلوچ ٹوئنزنےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کیے جانے والے طویل نوٹ میں بتایا ہے کہ کیسے دبئی روانگی سے عین قبل پیسا انتظامیہ نے انہیں دھوکہ دیا۔
عادل اورعاصم بلوچ کے مطابق منتظمین گزشتہ 3 ماہ سے ان سے رابطے میں تھے اور انہیں 4 نومبر کو دبئی روانہ ہونا تھا تاہم 2 نومبر کو ایک پیغام موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ امارات کی جانب سے ان کے ٹکٹ منسوخ کر دیے گئے ہیں، تاہم ان کے استفسارپرکوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا۔
اس کے بعد دونوں بھائی معلومات حاصل کرنےایمریٹس ائرلائن کے دفتر گئے توپتہ چلا کہ ان کے ٹکٹ نہ تو کینسل کیے گئے اور نہ ہی بُک کروانے والوں کو رقم واپس کی گئی ہے۔
پیسا2021: سونیا حسین روپڑیں، عشناشاہ کے ڈرامائی انداز
بلوچ ٹوئنز کا کہنا ہے کہ ، ‘کوآرڈینیشن ٹیم نے ہمیں ٹکٹ منسوخی کے بارے میں غلط اطلاع دی اورمنتظمین کی طرف سے مسائل حل کرنے کے وعدے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
دونوں بھائی 4 نومبر کودبئی روانگی کیلئے ائرپورٹ پہنچے جہاں ان کے کرونا ٹیسٹ بھی کیے گئے تاہم عین لمحے پر انہیں پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ ان کے ٹکٹس کی رقم ؛جان بوجھ کرری فنڈ’ کروالی گئی تھی۔
ویڈیو میں بلوچ ٹوئنزکا کہنا ہے کہ خلیجی ریاستوں بالخصوص مسقط، العین، شارجہ اور دبئی سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ جنہوں نے صرف ہماری حوصلہ افزائی اور بلوچ کمیونٹی کی نمائندگی کیلئے پیس کے ٹکٹ خریدے تھے،انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔
دونوں بھائیوں نے مزید کہا کہ ایسے سلوک سے انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے، اور وہ پُریقین ہے کہ پیسا ٹیم نے ایسا جان بوجھ کرکیا ہے۔ یہ انتہائی غیر اخلاقی ہے، وہ ہمارے پیغامات پڑھ کر بھی نظرانداز کرتے رہے۔ باقی تمام فنکاراسی پرواز میں سوار تھے لیکن ہم انتظار ہی کرتے رہے۔
پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز کا دوسرا ایڈیشن دبئی کے مدینت جمیرہ ایرینا میں منعقد ہوا، تقریب میں پاکستانی شوبز سیلیبرٹیز کے علاوہ ترکی اورعرب ممالک کے ستارے بھی شریک ہوئے۔