SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

وفاقی حکومت کارٹون نیٹ ورک ہے جو کوئی کام نہیں کرتی: مرتضیٰ وہاب

وفاقی حکومت کارٹون نیٹ ورک ہے جو کوئی کام نہیں کرتی: مرتضیٰ وہاب
01 February 2021 - 12:48

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ یہ وفاقی حکومت نہیں کارٹون نیٹ ورک ہے جو کوئی کام نہیں کرتی ، جب سندھ حکومت کوئی بات کہے تو عمران خان برا مان جاتے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عوام کے مسائل کا وفاقی حکومت کو کوئی اندازہ نہیں ، یہ سوشل میڈیا حکومت ہے جو عوام کا روزانہ استحصال کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے ڈھائی سال میں باتیں کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ 45 روز میں پٹرول کی قیمت میں وفاقی حکومت نے 11 بار اضافہ کیا ، انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں پر ملبہ ڈالنے والے حقائق پر بھی نظر رکھیں ، ماضی میں تیل کی عالمی سطح پر قیمتیں کتنی تھیں اور پاکستان میں کتنا اضافہ ہوا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ موجودہ حکومت میں تیل کی قیمتیں عالمی سطح پر کیا ہیں اور حکومت نے کتنا اضافہ کیا ، حکومت جس تیزی سے قیمتیں بڑھا رہی ہے عام آدمی تو اس سے متاثر ہوگا۔ حکومت کے پاس عام آدمی کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی حکومت کے غلط فیصلوں کا خمیازہ کیسے برداشت کرے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاق کو سندھ حکومت کا فوبیا ہوچکا ہے ، سندھ حکومت کام کرتی ہے تو وفاق اس کے راستے میں رکاوٹ کھڑی کرتا ہے۔ وفاقی حکومت نے ویکسین امپورٹ نہیں کی امداد میں ملی ہے۔ ترکی اور بھارت اپنے شہریوں کو ویکسین دے چکا ہے ، پاکستان میں عوام دشمن اور وبا والی حکومت ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو خط لکھا کہ ہم ویکسین منگوانا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا وفاق کے این او سی کے بغیر ویکسین نہیں مل سکتی۔ جس کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا آپ این او سی دیدیں تاکہ و یکسین حاصل کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ سادہ ہے کہ ملک پر عوام دشمن حکومت مسلط ہے ، پی ڈی ایم سنجیدہ قیادت ہے جو تمام معاملات پر نظر رکھتی ہے۔