SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

’سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ سے سیٹیں حاصل کرنا چاہتی ہے‘

’سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ سے سیٹیں حاصل کرنا چاہتی ہے‘
01 February 2021 - 11:48

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ سے سیٹیں حاصل کرنا چاہتی ہے ، اپوزیشن جماعتیں شفاف انتخابات میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اور حکومتی ترجمانوں نے شرکت کی۔ اعلیٰ سطح کے پارٹی اجلاس میں ملکی ، معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا ، اس کے علاوہ فارن فنڈنگ کیس ، حکومتی بیانیے سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔

وفاقی وزرا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن نے اوپن بیلٹ تجویز پر اتفاق کیا تھا لیکن اب اپوزیشن سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز سے بھاگ رہی ہے۔

اجلاس میں حکومتی رہنماؤں کو سرکاری زمینوں پر قبضوں کیخلاف آپریشن پر بریفنگ دی گئی ۔ جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن پر ن لیگ کو سب سے زیادہ مسئلہ ہے۔ واضح ہوچکا اپوزیشن رہنماؤں کی اے ٹی ایم قبضہ مافیا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی پشت پناہی سے مافیا سرکاری زمینوں پر قابض ہوا ، یہ لوگ سرکاری زمینوں سے کمائی کے پیسے سے سیاست کرتے رہے۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو مختلف ممالک اور شخصیات نے فنڈنگ کی ، تحریک انصاف نے کسی حکومت یا این جی او سے پیسے نہیں لیے ، مخالفین کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں وہ الیکشن کمیشن میں ایکسپوز ہوں گے۔