SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

برطانیہ نے متحدہ عرب امارات پر سفری پابندیاں عائد کر دیں

برطانیہ نے متحدہ عرب امارات پر سفری پابندیاں عائد کر دیں
29 January 2021 - 13:37

لندن: برطانیہ نے عالمی وبا کی نئی شکل سامنے آنے کے بعد متحدہ عرب امارات پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔

اس حوالے سے برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کی نئی قسم زیادہ خطرناک ہے جو پرانی تمام اقسام کے مقابلے میں تیزی سے پھیلتی ہے۔

خیال رہے کہ سفری پابندی کے حوالے سے یو اے ای میں برطانوی سفارت خانے کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا ہے۔ جس میں واضح کیا گیا ہے کہ 29 جنوری کو برطانیہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے سے متحدہ عرب امارات سے اڑنے والی کسی بھی براہ راست پرواز کو برطانیہ میں لینڈ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

اس کے علاوہ ملک میں واپس آنے کے خواہشمند برطانوی شہریوں کو متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ برطانوی سفارتی حکام کی جانب سے جو ٹویٹ کی گئی ہے اس میں ہیلپ لائن نمبرز بھی دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب جرمنی میں حکمران جماعت بھی وبا کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر عالمی پروازوں کا سلسلہ مکمل طور پر بند کرنے کے فیصلے پر غور کر رہی ہے جبکہ دیگر یورپی ممالک بھی خصوصی اقدامات کرنے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ اور جنوبی افریقا وہ ممالک ہیں جہاں سب سے پہلے نئی قسم کی وبا دریافت ہوئی تھی جو پرانی اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے ، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ ویکسین نئی قسم کے وائرس کے خلاف بھی مفید ہے۔