SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

’حکومت پی آئی اے کی لیز ادا نہ کرسکی، براڈشیٹ کو ایڈوانس ادائیگی کردی‘

’حکومت پی آئی اے کی لیز ادا نہ کرسکی، براڈشیٹ کو ایڈوانس ادائیگی کردی‘
29 January 2021 - 12:35

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے تبدیلی سرکار کی نااہلی پر تنقید کرتی ہوئے کہا کہ حکومت نے پی آئی اے کی لیز ادا نہیں کی لیکن براڈشیٹ کو ایڈوانس ادائیگی کر دی گئی۔ حکومت پاکستان کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ براڈشیٹ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے ، دال میں کالا نہیں سپر کالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں مگر وہ براڈ شیٹ معاملے میں فریق ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عظمت سعید براڈ شیٹ معاہدے کے وقت نیب ٹیم میں شامل تھے ، وہ شوکت خانم بورڈز کے ممبر ہیں اور اُن سے تحقیقات کرانے کا مقصد کچھ تو پردہ داری ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے یہ بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے کہ عمران نیازی کے علاوہ سب چور ہیں ، ایمانداری کے جملہ حقوق صرف عمران نیازی کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی رپورٹ نے عمران خان سمیت تحریک انصاف کے تمام رہنماؤں کی ایمانداری کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پروجیکٹ عمران خان فیل ہو گیا ، پروجیکٹ عمران خان کے ساتھ ملک اور حکومت ڈوب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو وزیراعظم کی خوشنودی کیلئے بلڈوز کیا جاتا ہے ، ادارے پاکستان کی ڈیفنس لائن ہیں۔ قومیں ، ریاست اداروں کی ساکھ پر چلتی ہیں ، اداروں کو متنازعہ بنا دیا جائے تو بنیادیں کمزور ہو جاتی ہیں۔ عمران خان کو 500 سال بھی دے دیئے جائیں تو یہ کچھ نہیں کر سکیں گے۔