SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

بھارت کا سیکولرازم ایکسپوز، ہندوازم کھل کر سامنے آچکا: شیخ رشید

بھارت کا سیکولرازم ایکسپوز، ہندوازم کھل کر سامنے آچکا: شیخ رشید
27 January 2021 - 5:51

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارت کا سیکولرازم ایکسپوز ہوچکا ، ہندوازم کھل کر سامنے آچکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہندوستان بہت سے معاملات میں ایکسپوز ہوا ہے۔ بھارت میں سکھ ، مسلم ، عیسائی سب اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جیسے حالات ہیں ، پہلے کبھی نہیں ہوئے ، بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر سکھوں نے لال قلعہ پر اپنا جھنڈا لہرا دیا ، پولیس کی بھاری فورس بھی کسانوں کے سامنے ڈھیر ہوگئی ، مودی کی پولیس نے لال قلعہ اونچی دیوار سے چھلانگیں لگا دیں ، لاکھوں بھارتی کسان گھوڑوں ، کرینوں اور ٹریکٹرز پر سوار ہو کر تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے دہلی میں داخل ہوئے۔
کسانوں کا کہنا ہے متنازعہ زرعی قوانین منسوخ نہ ہوئے تو یکم فروری کو بھارتی پارلیمنٹ کی جانب مارچ ہوگا۔
ادھر اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھارتی سفارتخانے کی عمارت پر خالصتان زندہ باد کے نعرے درج ، سکھوں نے اپنا جھنڈا بھی نصب کر دیا۔
دوسری جانب یورپی پارلیمنٹ میں پاکستان کے خلاف بھارتی پراپیگنڈے میں ملوث ڈس انفو لیب پر بحث شروع ہوگئی ، ڈس انفولیب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کو بھارتی جعل سازی اور جھوٹی خبروں پر بریفنگ دی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں متنازعہ بھارتی اینکر ارناب گوسوامی کی منظر عام پر آنے والی چیٹ نے پلوامہ ڈرامے کو بے نقاب کیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے بتایا تھا کہ ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ پر پاکستان نے یورپی پارلیمنٹ سے رابطہ کیا ہے۔