SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

کشمیر میں بھارت کا یوم جمہوریہ آج یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا

کشمیر میں بھارت کا یوم جمہوریہ آج یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا
26 January 2021 - 4:39

سرینگر: دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے ، حریت رہنماؤں نے کشمیریوں سے گھروں اور دکانوں پر سیاہ پرچم لہرانے کی اپیل کر دی۔

تفصیلات کے مطابق یوم سیاہ کے موقع پر آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی ، آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی جائیں گی۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کہتی ہیں ، ہندوستان نے کشمیریوں سے آزادی ، جینے حتی کہ سانس لینے تک کا حق چھین رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک تہاڑ جیل میں قید ہیں ان کی جان کو خطرہ ہے۔

ادھر مودی سرکار کی جانب سے بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کے لیے مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز تعینات کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب یوم جمہوریہ پر کسانوں نے بھارتی فوج کی پریڈ کے جواب میں متوازی پریڈ کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ کسانوں کے خوف سے لال قلعہ بند کرکے پریڈ کا روٹ کم کر دیا گیا ، دہلی میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ ہزاروں سیکیورٹی اہلکار ٹریکٹر مارچ روکنے کے لیے گشت کر رہے ہیں۔

کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کاشتکاروں نے بھارتی فوج کی پریڈ کے متوازی پریڈ کے لیے لاکھوں ٹریکٹرز فراہم کر دیئے ۔ خواتیں کے ٹریکٹرز کی الگ قطار ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنگو بارڈر ، ٹکری اور غازی پور سے ٹریکٹر پریڈ کا آغاز ہو گا ، احتجاجی کسانوں کے سربراہ درشن پال نے یکم فروری سے بھارتی پارلیمنٹ کی طرف مارچ کا اعلان بھی کر دیا۔