لاہور: معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کھوکھر برادران کے قبضے سے آج سوا کھرب روپے کی زمین واگزار کرائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کھوکھر برادران قبضہ مافیا اور گینگ تھا ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آپریشن کی خود نگرانی کی ، بغیر کسی دباؤ کے تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹولہ جعلی راجکماری کو 50 ، 50 لاکھ کے پرس گفٹ کرتا تھا۔ ماضی میں سرکاری و غیر سرکاری گٹھ جوڑ سے اربوں روپے کمائے گئے ، ماضی میں بہتی گنگا میں پوری مسلم لیگ (ن) ہاتھ دھوتی رہی ، مسلم لیگ (ن) قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرتی تھی۔
معاون خصوصی پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کو گمراہ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھوکھر برادران نے کہا کہ ہمیں نواز شریف کا ساتھی ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔ ہم پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ ہم نے اس زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا ، اگر یہ قبضہ ہے تو سپریم کورٹ نے یہ قبضہ کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت عدالتوں کو نہیں مانتی تو اسے تالے لگا دے۔
لیگی رہنماؤں نے کہا کہ وہ نواز شریف کے وفادار ساتھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ اسمبلی کے اندر رہ کر بھی بات کریں گے اور باہر بھی بات کریں گے۔ افضل کھوکھر نے کہا کہ اداروں نے یہ غنڈہ گردی عمران خان کے کہنے پر کی ہے۔ جبکہ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ اداروں نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ہے۔ حکومت نے کھلی بدمعاشی کا مظاہرہ کیا اور قانون کو ہاتھ میں لیا۔