کراچی: ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں تلخ کلامی کے بعد وفاقی وزیر علی زیدی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ترقیاتی کاموں کیلئے قائم کمیٹی کے 16 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی اور مراد علی شاہ کے درمیان تکرار کی رپورٹس منظر عام پر آئی۔
علی زیدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں اس بات کی تصدیق کرنے کے ساتھ ساتھ مراد علی شاہ اور ان کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خطوط اور اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ اور اپنی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خطوط کی تصاویر بھی شیئر کیں اور مراد علی شاہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے آداب کے منافی قرار دیا۔
مراد علی شاہ نے اپنے خط میں وزیر اعظم کو لکھا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ علی زیدی نے اُن کے ساتھ غیر مناسب رویہ اپنایا ہو ، انہوں نے اس خط کے ذریعے علی زیدی کے رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ عمران خان اُن کے خلاف کارروائی کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے خط کے جواب میں علی حیدر زیدی نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں موقف اپنایا کہ اجلاس میں میرے خراب رویے کے حوالے سے لگائے گئے الزامات مافیا کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔