واشنگٹن(این پی جی میڈیا) جو بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں افغان طالبان کے ساتھ کی جانے والی امن ڈیل پر نظر ثانی کی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئے منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ انھیں جاننا ہے کہ افغان طالبان نے دوحہ امن ڈیل کی شرائط پر کس حد تک عمل کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے قومی سکیورٹی کے مشیر جیک سولیوان نے اپنے افغان ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں یہ بھی واضح کیا کہ اس بات کا جامع تجزیہ ضروری ہے کہ سابق امریکی حکومت اور طالبان کے مابین طے پانے والی اس ڈیل کی نکات کیا ہیں اور ان پر عمل درآمد کس طرح ہو سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سولیوان نے واضح کیا ہے کہ فروری سن دو ہزار بیس میں امریکا اور طالبان کے مابین دوحہ امن ڈیل پر نظر ثانی کے علاوہ اس بات کا تجزیہ بھی کیا جائے گا کہ اس معاہدے کے بعد طالبان تشدد میں کتنی کمی لائے ہیں۔
خیال رہے کہ افغان طالبان اور کابل حکومت کے مابین مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔