SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

مصر کا قطرکے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق

مصر کا قطرکے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق
21 January 2021 - 7:27

(این پی جی میڈیا) مصر نے ساڑھے تین سال سے زیادہ عرصے کے بعد قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے سے اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عرب جمہوریہ مصر اور قطری ریاست نے 20 جنوری کو مفاہمت کی دو یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے۔ان کے تحت دونوں ملکوں نے دوطرفہ سفارتی تعلقات کی بحالی سے اتفاق کیا ہے۔
مصر نے قطری پروازوں کے لیے 12 جنوری کو اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی تھیں اور دونوں ملکوں کے درمیان گذشتہ دنوں جون 2017ء کے بعد فضائی روابط پھر سے بحال ہوگئے تھے۔
مصرائیر اور قطرائیرویز کی پروازیں دوحہ سے اڑانے بھرنے کے بعد قاہرہ پہنچی تھیں۔
خلیجی ممالک کے ساتھ تنازع کے خاتمے کے بعد یو اے ای اور قطر کے درمیان بھی فضائی ٹرانسپورٹ بحال ہوگئی ہے اور امارت شارجہ سے ایک پرواز دوحہ پہنچی تھی۔اس سے پہلے سعودی عرب اور قطر کے درمیان بھی پروازیں بحال ہوچکی ہیں۔
مصر کے علاوہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے جون 2017ء میں قطرسے سفارتی ، تجارتی اور کاروباری تعلقات منقطع کر لیے تھے اور اس کے ساتھ ہرقسم کے ٹریفک پر بھی پابندی عاید کردی تھی۔انھوں نے قطر پرایران کی قُربت اختیار کرنے اورالاخوان المسلمون سمیت انتہاپسند گروپوں کی معاونت کا الزام عاید کیا تھا جبکہ قطر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔