SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: ویرات کوہلی اور بابراعظم کی ایک درجہ تنزلی

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: ویرات کوہلی اور بابراعظم کی ایک درجہ تنزلی
20 January 2021 - 9:22

لاہور(این پی جی میڈیا)پاکستانی کپتان بابراعظم ایک درجے تنزلی کے بعد پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس میں متعدد تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بدستور پہلے نمبر پر ہیں اور آسٹریلین بلے باز اسٹیو اسمتھ کی بھی دوسری پوزیشن برقرار ہے تاہم بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے وہ تیسری سے چوتھی پوزیشن پر چلے گئے ہیں اور ان کی جگہ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین نے تیسرے پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بھی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے وہ پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر چلے گئے ہیں اور ان کی جگہ انگلش کپتان جوروٹ 6 درجہ ترقی پاکر پانچویں پوزیشن پانے میں سرخرو ہوئے ہیں۔

بھارتی کھلاڑی چیتشور پچارا بھی ایک درجہ ترقی پاکر ساتویں پوزیشن پر آگئے ہیں، انگلینڈ کے بین اسٹوکس آٹھویں، بھارت کے اجینکا رہانے نویں اور نیوزی لینڈ کے ہینری نکولس دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

دوسری جانب دنیا کے دس بہترین بولرز کی فہرست میں کوئی پاکستان جگہ نہیں بناسکا، محمد عباس کا بارہ واں نمبر ہے۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے، انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے ویگنزکی تیسری نمبر پر موجود ہیں۔

جوش ہیلزووڈ، ٹم ساتھی، رباڈا، جیمز اینڈرسن، ایشون، بمرا اور جیسن ہولڈر بالترتیب چوتھی سے دسویں پوزیشن پر ہیں۔آل رانڈرز کی فہرست میں بین اسٹوکس پہلے، جیسن ہولڈر دوسرے، جڈیجا تیسرے، شکیب الحسن چوتھے اور کائل جمیسن پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

دوسری جانب بھارت ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹاپ اوررینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا جب کہ چیمپئن شپ میں کم پوائنٹس کے باوجود جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پانچویں پوزیشن سے محروم کردیا۔

بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میں 3 وکٹ سے شکست دے کرسیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی، اسی کے ساتھ ٹیم کو اکثریتی پوائنٹس بھی حاصل ہوئے، جس سے ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی، بھارت کے مجموعی پوائنٹس 430 ہوچکے، چونکہ اس نے چیمپئن شپ دورانیے میں 13 میں 9 میچز جیتے اس لیے پرسنٹیج 71.1 فیصد بنتی ہے، نیوزی لینڈ420 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے،کینگروز 332 پوائنٹس اور 69.2 فیصد پرسنٹیج کی وجہ سے تیسرے درجے پر چلے گئے۔ چوتھے نمبر پر انگلینڈ ہے۔

اگرچہ جنوبی افریقہ کے 144 پوائنٹس پاکستانی166 سے کم ہیں مگر پرسنٹیج پاکستان کی 30.7 فیصد کے مقابلے میں 40 فیصد ہونے کی وجہ سے پروٹیز نے پانچویں پوزیشن سنبھال لی۔ادھر ٹیسٹ رینکنگ میں بھی بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے پوزیشن سے محروم کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر دھکیل دیا۔

118.4 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ رینکنگ میں نمبرون جبکہ بھارت کے 117.65 پوائنٹس ہیں، ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں چوتھی سے چھٹی پوزیشنز پر بالترتیب انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا موجود ہیں،پاکستان کا ساتواں نمبر ہے، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔