لاہور (این پی جی میڈیا) معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کہتی ہیں کہ وہ زندگی میں کئی بار مایوس ہوئیں لیکن اسے خود پر سوار نہیں کیا۔ ایک انٹرویو میں حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ میں زندگی میں کئی بار مایوس ہوئی لیکن میں نے مایوسی کو سر پہ سوار نہیں کیا، کبھی مایوسی سر پر سوار ہوتی بھی ہے تو خاموش ہو جاتی ہوں، رونا دھونا پسند نہیں کرتی لیکن اگر کبھی روئی بھی ہوں تو اکیلے میں روئی ہوں۔ میں حقیقت کو جلد ہی قبول کر لیتی ہوں اسی لیے تو محرومیاں میرے سر پر سوار نہیں ہوتیں۔نجی چینل کے ڈرامے کے ذریعے بحیثیت اداکارہ اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے پر حدیقہ کیانی نے کہا کہ کردار کو نبھانے کے لیے ایک مہینہ پہلے ہی گھر میں شلوار قمیض پہننا شروع کر دی تھی۔ سوچتی تھی کہ اس کردار کا بچپن کیسا ہوگا اس کے جذبات کیسے ہوں گے، شوٹنگ کے دوران بہت بار ایسا ہوا کہ میں خود پر قابو نہ رکھ سکی، آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔ ایک دم سیٹ پر سناٹا سا چھا گیا اور نارمل ہونے تک مجھے اکیلا چھوڑ دیا گیا، ایسے وقت میں ثانیہ سعید اور نعمان اعجاز نے مجھے سمجھایا کہ کسی بھی کردار کو کرنے کے لیے اس میں ڈوب جانا بہت اچھی بات ہوتی ہے لیکن کسی کردار میں ہی پھنس کے رہ جانا مناسب نہیں۔