SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

پاک فوج دنیا کی 10 طاقتور ترین افواج میں شامل

پاک فوج دنیا کی 10 طاقتور ترین افواج میں شامل
17 January 2021 - 10:05

لاہور (این پی جی میڈیا ) پاک فوج کو دنیا کی 10 طاقتور ترین افواج میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاک فوج کو طاقتور افواج کی فہرست میں دسویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ پاک فوج اسرائیل، جرمنی اور آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی دس طاقت ور ترین افواج میں شامل ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے جاری ہونے والے گلوبل فائر پاور انڈیکس 2021 کے مطابق، پاکستانی فوج اسرائیل، جرمنی اور آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی دس طاقت ور ترین افواج میں شامل ہوئی ہے۔

گلوبل فائر پاور انڈیکس ایک سالانہ درجہ بندی کا ادارہ ہے جو ایک ملک کو اپنی فوجی طاقت کے لحاظ سے ریٹنگ دیتا ہے۔پاور انڈیکس نے متعدد عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے 138 ممالک کی افواج کا درجہ حاصل کیا جس میں ہر ملک کے اسلحے، افرادی قوت، آبادی، جغرافیہ اور اس کی ترقی کی حالت شامل ہے۔

حتمی گلوبل فائر پاور رینکنگ 50 سے زیادہ انفرادی عوامل کا جائزہ لینے کے بعد دی جاتی ہے۔ان عوامل کے تحت پاکستان کی پاور انڈیکس میں ریٹنگ 0.2083 ہے۔پاور انڈیکس کے مطابق پاکستان کے پاس ایک اندازے کے مطابق مجموعی طور پر 1،204،000 فوجی اہلکار ہیں، جن کی طیارے کی تعداد 1364 ہے، کل لڑاکا طیارے 357، 100 بحری اثاثے اور دفاعی بجٹ، 12،275،000،000 ڈالر ہے۔

امریکہ، روس اور چین تین سب سے طاقتور افواج کے طور پر درجہ بند ہیں، جبکہ ہندوستان چوتھے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد جاپان، جنوبی کوریا اور فرانس کا نمبر ہے۔ جبکہ پاکستان کو بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان کو رینکنگ میں دسویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل اسرائیل اور آسٹریلیا بھی اس رینکنگ میں شامل تھے جبکہ 2021 کی رینکنگ میں پاکستانی فوج کو شامل کیا گیا ہے۔