SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

آئس کریم کے نمونوں میں عالمی وبا کی موجودگی، چین میں ہلچل مچ گئی

آئس کریم کے نمونوں میں عالمی وبا کی موجودگی، چین میں ہلچل مچ گئی
16 January 2021 - 11:00

نیو دہلی: شمالی چین میں آئس کریم کے نمونوں میں عالمی وبا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تیانجن شہر کی ایک فوڈ کمپنی نے رواں ہفتے میونسپل سینٹر کو آئس کریم کے تین نمونے بھیجے تھے ، جن میں وبا کے تمام ٹیسٹ مثبت نکلے۔ حکام نے چار ہزار 836 متاثرہ باکسز میں سے دو ہزار 89 کو سیل کر دیا ہے۔ فوڈ کمپنی کے 16 سو 62 ملازمین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سے 700 کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جبکہ باقی 962 ملازمین کے نتائج کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

واضح رہے کہ چین میں عالمی ادارہ صحت کی ایک ٹیم پہلے سے ہی موجود ہے جو وہاں عالمی وبا کے پھیلنے کی تحقیقات کرے گی۔ ایسے میں آئس کریم کے نمونوں میں عالمی وبا کی موجودگی حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دے گی۔

ادھر بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی عالمی وبا کی ویکسین مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ نئی دہلی کے ایک سرکاری ہسپتال میں سب سے پہلے ایک ہیلتھ ورکر کو ویکسین لگائی گئی۔ اس مہم کے تحت بھارت ایک ارب 37 کروڑ آبادی میں سے تین کروڑ افراد کو وسط جولائی تک یہ ویکسین لگائی جائے گی۔

یاد رہے کہ مودی کی ناکام پالیسیوں کے باعث بھارت اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں وبا کے جان لیوا وار جاری ہیں ، اب تک متاثرین کی تعداد 9 کروڑ 43 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ 14 ہزار 8 سو سے زائد مزید افراد وبا سے موت کے منہ میں چلے گئے ، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 20 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

دوسری جانب نیپال نے ملک میں ہنگامی طور پر استعمال کے لیے ایسٹراز ینیکا کی کووی شیلڈ ویکسین کی منظوری دیدی ہے۔ جبکہ ملائیشیا میں وبا کے کیسز میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ملک بھر میں یکم اگست تک کیلئے ایمرجنسی نافذ ہے۔