SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

ٹک ٹاک نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے نئی اور سخت تبدیلیاں‌ کردیں

ٹک ٹاک نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے نئی اور سخت تبدیلیاں‌ کردیں
14 January 2021 - 13:26

بیجنگ: سماجی رابطے کی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے 18 سال سے کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے پرائیویسی پالیسی کو زیادہ سخت کردیا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کی جانے والی پالیسی میں بتایا گیا ہے کہ نئے پرائیویسی ضوابط کا اطلاق 18 سال سے کم عمر صارفین پر ہوگا۔

نئی تبدیلیوں کے تحت اب 13 سے 15 سال کی عمر کے تمام رجسٹر صارفین کے اکاؤنٹس بائی ڈیفالٹ پرائیویٹ ہوجائیں گے۔

ٹک ٹاک کے مطابق پندرہ سال یا اُس سے کم عمر بچے اب ڈو اٹ فیچر استعمال نہیں کرسکیں گے جبکہ 16 سے 18 سال تک کی عمر کے بچوں کو یہ سہولت دستیاب رہے گی۔

کمپنی نے بتایا کہ اس سہولت کو استعمال کرنے کے لیے انہیں اپنے مینیو اور سیٹنگز میں جاکر تبدیلی کرنا ہوگی۔

نئی پالیسی کے تحت صارفین صرف وہ ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے جو 16 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پوسٹ کریں گے، مگر 16 سے 17 سال کی عمر کے صارفین کے لیے ان کی ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے کی سیٹنگ بائی ڈیفالٹ آف ہوگی۔

ٹک ٹاک نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اپنے کم عمر صارفین کی آن لائن پرائیویسی کو تحفظ دینا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاک کو اپنے پلیٹ فارم میں بچوں کے تحفظ کے لیے ناکافی اقدامات پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

2019 میں ٹک ٹاک نے 13 سال سے کم عمر بچوں پر ایپلیکشن کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔