SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

ندیم افضل چن بہترین سیاستدان،استعفیٰ جذبات میں دیا:فواد چوہدری

ندیم افضل چن بہترین سیاستدان،استعفیٰ جذبات میں دیا:فواد چوہدری
14 January 2021 - 7:23

اسلام آباد(این پی جی میڈیا )وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ندیم افضل چن بہترین سیاستدان ہیں لیکن انہوں نے استعفیٰ جذبات میں دیا، امید ہے وہ ستعفیٰ واپس لیں گے۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر آدمی اپنے خیالات کا اظہار کرتا ہے۔ ندیم افضل چن سیدھے سادھے انسان ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کیساتھ کام کرنے والوں کو کوئی شکوہ نہیں ہے۔ ہماری حکومت میں بہت سارے مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کابینہ کواجتماعی طور پر کہا تھا کہ’جب متفقہ فیصلہ ہوجاتا ہے تو پھر تنقید نہ کیا کریں‘۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی و ترجمان ندیم افضل چن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ندیم افضل چن نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم آفس کو بھجوا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ندیم افضل چن کے حکومت سے کئی امور پر اختلافات تھے۔ ندیم افضل چن ہزارہ برادری کے پاس وزیراعظم کے تاخیر سے جانے کے بھی ناقد تھے۔

یاد رہے کہ 9 جنوری کو ملک میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر نے استعفیٰ دے دیا تھا جسے بعد ازاں وزیراعظم نے مسترد کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں۔