واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی دہشتگرد تنظیم القاعدہ ایران میں اپنا اڈہ قائم کرچکی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مائیک پومپیونے کہا ہے کہ القاعدہ نے ایران کے اندر اپنے پاوں اس قدر مضبوط کر لیے ہیں کہ امریکا کے لیے اس کے ارکان کو نشانہ بنانا کافی مشکل ہوچکا ہے۔
مائیک پومپیو نے اپنے متنازعہ بیان میں مزید کہا کہ القاعدہ نے تہران کے اندر اپنی قیادت کو مرکزی شکل دے دی ہے اور اس وقت ایمن الظواہری کے ساتھی وہاں موجود ہیں۔
مائیک پومپیو نے یہ دعوی اخبار ‘نیو یارک ٹائمز’ کی اس خبر کے تناظر میں کیا ہے، جس میں کہاگیا تھا کہ القاعدہ کے ایک بڑے لیڈر ابو محمد المصری کو ایران میں گزشتہ برس ایک اسرائیلی آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتہائی قریبی ساتھی سمجھے جانیوالی مائیک پومپیو نے ایران پر لگائے پر لگائے جانیوالے الزامات کا تاحال کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
دوسری جانب مائیک پومپیو کی جانب سے لگائے جانیوالے بیان کی ایران نے سختی سے تردید کردی ہے۔