لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں شکستوں کا کوئی جواز پیش نہیں کررہا اور بطور کوچ میرے اور ٹیم کے لئے شکست مایوس کن ہے۔
کرکٹ مسائل پر بات کرنا اور انہیں سمجھنا ضروری ہے، ٹیم اور منیجمنٹ کی محنت اور کوشش میں کمی نہیں تھی، نیوزی لینڈ مضبوط ٹیم ہے اور اس کا حالیہ ریکارڈ بھی اچھا ہے تاہم ہماری صلاحیت ایسی نہیں ہے اور قرنطینہ کی وجہ سے کمروں تک محدود رہنے کی وجہ سے مسائل بھی ہوئے۔
Head coach @captainmisbahpk media conference at the Gaddafi Stadium, Lahore.
Watch Live ? https://t.co/PN1bXTSDVv pic.twitter.com/0HxUw3OjsO
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 11, 2021
قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی مہمان ٹیموں کی کارکردگی میں تسلسل نہیں رہا، ہر سیریز کے بعد ٹیم کی پرفارمنس کا تجزیہ ضروری ہے، پاکستان ٹیم کو انجریز نے پریشان کیا، سب سے بڑا نقصان بابراعظم کا ہوا، ٹیم نے کوئی کسر نہیں چھوڑی جب کہ فہیم شرف آل رائونڈر کا خلا پر کرنے لگے ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس معمول کی کارروائی ہے، ٹیم کے مسائل پر بات ہوگی، کمیٹی اپنی تجاویز دے گی، بہرحال پالیسیوں میں تسلسل ہونا چاہیے، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کمیٹی اجلاس میں کیا ہونے جارہا ہے، امید ہے کسی کو رگڑا نہیں جائے گا۔
دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں میں کئی صداقت نہیں ہے۔
ترجمان پی سی بی نے کہا کہ مصباح الحق کل کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوں گے جس کے بعد کرکٹ کمیٹی اپنی سفارشات بورڈ کو دے گی۔