SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

پاکستان کی غیر نیٹو اتحادی حیثیت کو ختم کرنے کیلئے بل پیش

پاکستان کی غیر نیٹو اتحادی حیثیت کو ختم کرنے کیلئے بل پیش
06 January 2021 - 12:30

نیویارک: امریکا اور پاکستان میں جاری کشیدگی کی وجہ سے امریکی کانگریس نے ایک بل پیش کیا ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ پاکستان سے امریکا کے غیر نیٹو اتحادی کی حیثیت واپس لے لی جائے۔

تفصیلات کے مطابق ری پبلکن رہنما مین اینڈ بگس نے 117 ویں کانگریس کے پہلے دن پاکستان کے خلاف یہ بل پیش کیا ہے جس میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ پاکستان سے امریکا کے اہم ترین غیر نیٹو اتحادی کی حیثیت واپس لے لی جائے۔

اس سفارش پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی میڈیا کو کہنا ہے کہ نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو افغانستان میں پاکستان کی ضرورت ہے اس لیے شاید یہ بل منظور نہ ہو۔

امریکا کے نامور صحافی کا کہنا ہے کہ اس بل کے پیش ہونے کی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امریکا اور پاکستان کے غیر متوازن تعلقات رہے ہیں لیکن ٹرمپ کے آخری دو سالوں میں پاکستان نے افغانستان میں امریکا کے غیر نیٹو اتحادی کے طور پر امریکا اور افغان طالبان مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جوبائیڈن نے اپنے انتخابی منشور میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے حق میں نہیں لیکن وہ افغانستان میں امریکی فوج کے اثر و رسوخ کو کم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

دوسری جانب مودی سرکار نے ری پبلکن رہنما کے اس اقدام پر پروپیگنڈا کرتے ہوئے اسے پاکستانی سفارتی ناکامی قرار دیا ہے مگر امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی امکان نہیں کہ یہ بل منظور ہو سکے۔