SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

نیب ملک کے ساتھ کیا کر رہا ہے؟ سپریم کورٹ نیب حکام پر برہم

نیب ملک کے ساتھ کیا کر رہا ہے؟ سپریم کورٹ نیب حکام پر برہم
06 January 2021 - 7:48

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نیب کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیا ، جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہم نیب سے مطمئن نہیں ہیں، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا نیب ملک کے ساتھ کیا کر رہا ہے؟ کرتا نیب ہے بھگتتی  سپریم کورٹ ہے۔ نیب بڑے آدمی پر ہاتھ نہیں ڈالتا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں باغ ابن قاسم کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ نیب پر سرکار کا ہی نہیں ہر طرف سے دباؤ ہوتا ہے۔ نیب کو بہادری اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کسی نے مجھ پر مہربانی کی تو میں اس پر کروں۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا ملک کے ساتھ نیب کیا کر رہا ہے؟ کرتا نیب ہے بھگتتی  سپریم کورٹ ہے۔ ملزم کو چھوڑنے کا الزام سپریم کورٹ پر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے نہ لگائے، نیب چھوٹے افسران کو پکڑ لیتاہے اصل فائدہ لینے والے کو نہیں پکڑتا۔ نیب کےپاس اپنی مرضی سے کام کرنے کا اختیار نہیں۔ معزز جج نے ریمارکس دیےقانون کا اطلاق سب پر برابر ہونا چاہیے، احتساب بھی قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ احتساب قانون کے مطابق نہیں ہوگا تو ادارے کیخلاف ایکشن لیں گے۔

سماعت میں جسٹس سجاد علی شاہ نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا نیب کے بارے میں یہ تاثر ہے تو عام آدمی کا کیا ہوگا؟  نیب بڑے آدمی پر ہاتھ نہیں ڈالتا۔انہوں نے کہا نیب کو پتہ ہے زین ملک کے لیے این او سی لانا مشکل ہے۔ زین ملک اگر این او سی لے آئے تو پھر آپ جاری کرنے والوں کو مقدمے میں گھسیٹیں گے۔پراسیکیوٹر نیب نے بتایا کہ این او سی آیا تو جاری کرنے والے کو مقدمے میں شامل کریں گے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے استفسار کیا کہ تو پھر نیب نے مرکزی ملزم کو 15 فروری تک کی مہلت کیوں دی؟

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ سینیٹ سمیت مختلف فورم پر نیب پر بات ہو رہی ہے۔ نیب نے سرکاری افسروں کو دبایا اصل بنفشیریز کو پوچھا نہیں۔جسٹس مظاہر علی نقوی نے کہا پہلا ریفرنس دوسرا ریفرنس یہ کیا مذاق بنایا ہوا ہے؟  معلوم ہے کہ نیب مقدمات عام فوجداری کیسز نہیں ہوتے۔نیب جس کیخلاف شواہد ہوں اسے گرفتار نہیں کرتا اور سرکاری افسروں کو سب پہلے گرفتار کر لیتا ہے۔