SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

وفاقی وزراء نے وزیر اعظم کو ہزارہ کمیونٹی سے ملاقات کے لئے کوئٹہ جانے کا مشورہ دے دیا

وفاقی وزراء نے وزیر اعظم کو ہزارہ کمیونٹی سے ملاقات کے لئے کوئٹہ جانے کا مشورہ دے دیا
05 January 2021 - 17:02

اسلام آباد: وفاقی وزراء نے وزیر اعظم کو ہزارہ کمیونٹی سے ملاقات کے لئے کوئٹہ جانے کا مشورہ دے دیا ، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کوئٹہ ضرور جائیں گے ،اس حوالے سے جلد شیڈول ترتیب دیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں مہنگائی، سیاست ، گیس لوڈ شیڈنگ، کورونااور سانحہ مچھ سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی ، کابینہ نے مچھ بلوچستان واقعہ میں شہید ہونے والے مزدورں، اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اسامہ ستی اور افواج پاکستان کے شہداء کے لیے دُعا مغفرت ادا کی۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کابینہ کو کورونا وبا کی حالیہ صور تحال پر بریفنگ دی۔

بعض کابینہ ارکان نے وزیر اعظم کو ہزارہ کمیونٹی سے ملاقات کے لئے کوئٹہ جانے کا مشورہ دیا جس پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کوئٹہ ضرور جائیں گے ،اس حوالے سے جلد شیڈول ترتیب دیں گے ۔ کابینہ اجلاس میں شاہ محمود قریشی ، عامر ڈوگر نے گیس لوڈ شیڈنگ کا تذکرہ کیا ، جس پر اسد عمرنے جواب دیا کہ ماضی کے ادوار کی نسبت ہمارے دور میں گیس لوڈشیڈنگ کم ہے، اس کے علاوہ اسد عمر اور حفیظ شیخ نے مہنگائی کم ہونے کا دعویٰ بھی کیا اور کہا کہ مہنگائی میں تیزی سے کمی آئی ،مزید کم ہوجائے گی ۔

اجلاس کے دوران پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک پر بھی گفتگو ہوئی ، جس پر وزیراعظم نے کرپشن کیسز کا سامنا کرنے والی جماعتوں کو کریمنل قرار دے دیا ۔عمران ٘خان نے کہا کہ یہ نہ تو سیاسی ہیں نہ جمہوری ,یہ جرائم میں ملوث جماعتیں ہیں ،انہوں نے واضح کیا کہ کسی کرپٹ جماعت سے مذاکرات ہوں گے نا ریلیف دیں گے۔

اس کے علاوہ کابینہ نے پاکستان ایکسپوسینٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی۔کابینہ نے ٹریڈ آرگنائزیشنزایکٹ 2013کی شق نمبر21کے تحت اپیلوں پر فیصلہ دینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی، اور کہا گیا کہ یہ کمیٹی صرف اُس وقت تک مجاذ ہوگی جب تک متعلقہ قانون میں ترامیم مکمل کرلی جائیں۔اجلاس کے دوران پریس کونسل آف پاکستان کے ممبرز تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔