SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

ایران جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا: امریکا

ایران جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا: امریکا
05 January 2021 - 13:02

نیویارک: امریکا نے ایران کی جانب سے 20 فیصد یورینیم افزودہ کرنے کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا یہ قدم نئی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ ایران نے اپنے سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی میں اضافہ کرے گا اور یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنے سائنسدان کے قتل کا بدلہ ضرور لے گا۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایران نے اپنے جوہری پلانٹ پر 20 فیصد یورینیم افزودہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ جس پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے ایسی کوئی بھی نئی ایٹمی سرگرمی ضرور رپورٹ کرے گا۔

دوسری جانب اسرائیل کے وزیر اعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی یورینیم افزودگی کا مقصد جوہری ہتھیار تیار کرنا ہے۔

خیال رہے کہ ایران نے اقوام متحدہ کے تحت جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے کو مطلح کیا تھا کہ وہ یورینیم کو 20 فی صد تک افزودہ کرنا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ ایران کا یہ قدم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حملے کی دھمکی کے بعد سامنے آیا۔

ایران نے دسمبر کے اوائل میں قانون سازی کے ذریعے یورینیم کو افزودہ کرنے کے لیے اضافی اور جدید سینٹری فیوجز مشینیں نصب کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے نتیجے میں اس کے جوہری پروگرام کو وسعت دی جا سکے گی۔

بعض ذرائع ابلاغ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران کی طرف سے خطے میں امریکی اور اسرائیلی مفادات پر حملہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس حملے کی وجہ امریکا کی جانب سے محسن فخری زادہ اور جنرل قاسم سلیمانی کا قتل ہے۔