اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ اپنی موت آپ مرگیا۔ حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اپوزیشن کی پوری تحریک این آراو کیلئے ہے جونہیں دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی وپارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ احتساب کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، کچھ بھی ہو جائے احتساب کا عمل جاری رہے گا، سیاسی مداخلت کے بغیر آزادانہ کام کی اجازت ہو تو قوم کو فائدہ ہوتا ہے، نیب نے ہمارے دور میں 389 ارب روپے کی وصولی کی، پنجاب اینٹی کرپشن نے ہماری حکومت میں 206 ارب ریکور کیے۔
اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کی، سینیٹ اجلاس اور انتخابات میں اپوزیشن کو بھرپور جواب دینے پر اجلاس میں اتفاق کیا گیا۔وزیر اعظم نے ایک بار پھر زور دیا کہ اپوزیشن کی تحریک این آر او کے لیے ہے اور حکومت کو پی ڈی ایم تحریک سے کوئی خطرہ نہیں۔
انہوں نےکہا اپوزیشن نے کرونا وبا میں عوام کی زندگی سے کھیلنے کی کوشش کی، اپوزیشن کا احتساب شروع ہوا تو سب اکٹھے ہو گئے ہیں، ماضی کی حکومتیں قومی خزانے کو لوٹتی رہیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت ترقی کی طرف گامزن ہے، معیشت کو درست ٹریک پر لگا دیا ، تمام معاشی اعشاریے درست سمت میں ہیں، نئے سال میں کارکردگی مزید بہتر کرنے اور ڈیلیوری پر توجہ ہوگی۔