SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 14 ارب 95 کروڑ 90 لاکھ روپے بڑھ گئی

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 14 ارب 95 کروڑ 90 لاکھ روپے بڑھ گئی
31 December 2020 - 16:33

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سال 2020 کے آخری کاروباری سیشن کے دوران تیزی کا رجحان غالب رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 60.62 پوائنٹس کے اضافے سے 43755.38 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جبکہ 49.64 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 14 ارب 95 کروڑ 90 لاکھ روپے بڑھ گئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 26.81 فیصد زائد رہا۔

گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورسیمنٹ، آئل اینڈ گیس اور بینکنگ شعبے میں حصص خریداری کے باعث تیزی رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 43891 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔

بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث 43800 اور 43900 کی نفسیاتی حدیں برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 60.62 پوائنٹس کے اضافے سے 43755.38 پر بند ہوا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 40.27 پوائنٹس کے اضافے سے 18180 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 45.81 پوائنٹس کے اضافے سے 30779.70 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز مجموعی طور پر417 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 207 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 193میں کمی اور17 میں استحکام رہا۔

تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 80 کھرب 20 ارب 40 کروڑ 44 لاکھ روپے سے بڑھ کر80 کھرب 35 ارب 36 کروڑ 34 لاکھ روپے ہوگئی۔

حصص کی قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاوٗ کے لحاظ سے یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت 500 روپے کے اضافے سے 14 ہزارروپے اورمری بریوری 25.64 روپے کے اضافے سے 627.42 روپے ہوگئی۔

جب کہ نیسلے پاکستان 179.99روپے کی کمی سے6665.01 روپے اورپریمیئر شوگر 33 روپے کی کمی سے 446 روپے ہوگئی۔