کراچی: مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا جمعرات کو مزید 350 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزارروپے کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ مجموعی طور پر گزشتہ سال 2020 میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 25 ہزار600 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز عالمی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 14 ڈالر کے اضافے سے 1894 ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقراررہا اورایک تولہ سونے کی قیمت 350 روپے کے اضافے سے 1 لاکھ 14 ہزار روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت 301 روپے کے اضافے سے 97737 روپے ہوگئی۔
چاندی کی فی تولہ قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1320 روپے مستحکم رہی۔ درایں اثنا گزشتہ سال 2020 میں مجموعی طور پر عالمی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 372 ڈالر یعنی 24 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
31 دسمبر 2019 کو عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1522 ڈالر تھی جو بڑھ کر31 دسمبر2020 کو 1894 ڈالر پر پہنچ گئی ہے جس کے زیر اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک سال میں 25 ہزار600 روپے یعنی 29 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
31 دسمبر2019 کو فی تولہ سونے کی قیمت 88 ہزار400 روپے تھی جو ایک سال بعد ایک لاکھ 14 ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی ایک سال میں 21947 روپے بڑھ گئی ہے۔