کراچی :ویمنز سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے سترہ رکنی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے جبکہ بسمہ معروف کی عدم دستیابی کے باعث قومی ٹیم کی قیادت جویریہ خان کے سپرد کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عروج ممتاز کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی نے بائیس سے یکم نومبر تک راولپنڈی میں جاری رہنے والی نیشنل ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کراچی میں لگائے گئے ہائی پرفارمنس کیمپ میں خواتین کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے بعد سترہ خواتین کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی۔ تین رکنی سلیکشن کمیٹی کی دیگر دو اراکین میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال شامل ہیں ۔
Women’s squad for South Africa tour announced
MORE: https://t.co/drv4gad7Pb #BackOurGirls #HarHaalMainCricket pic.twitter.com/0QUAuAF0iw
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) December 31, 2020
اعلان کردہ سکواڈ کے مطابق عائشہ ظفر، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان اور نشرہ سندھو کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے،ناہیدہ خان نے نیشنل ٹرائنگولر ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں 51 کی اوسط سے سب سے زیادہ 154 رنز بنائے تھے۔
پی سی بی ڈائنامائٹس کی عائشہ ظفر نے ٹورنامنٹ میں 111 رنز بنائے تھےاور وہ ایونٹ کی چوتھی بہترین بیٹر قرار پائیں۔آل راؤنڈر کائنات امتیاز کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، انہوں نے چار میچوں میں 111 رنز اور تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نشرہ سندھو نے چیمپئن شپ میں 25 وکٹیں حاصل کی تھیںاوروہ ایونٹ کی جوائنٹ لیڈنگ وکٹ ٹیکر رہی تھیں،بیس جنوری کو ڈربن میں شیڈول سیریز کا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کوویڈ 19 کے باعث دس ماہ بعد انٹرنیشنل میدان میں واپسی کا سبب بنے گا۔
23 جنوری کو اسی گراؤنڈ پر دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم پیٹرزمیرٹزبرگ روانہ ہوجائے گی جہاں وہ 26جنوری کو میزبان ٹیم کے خلاف تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور پھر پہلے دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گے، یہ دونوں ٹی ٹونٹی میچز 29 اور 31 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔
تین فروری کو شیڈول آخری ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایک بار پھر ڈربن پہنچے گی۔عروج ممتاز چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ ہائی پرفارمنس کیمپ اور نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی سترہ رکنی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔
گزشتہ تین ماہ میں ہماری کھلاڑیوں کی انفرادی سوچ اور حکمت عملی میں بہتری کے آثار واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سکواڈ بہت متوازی ہے اور اس میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا امتزاج شامل کیا گیا ہے۔
عروج ممتاز نے کہا کہ جویریہ خان تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور انہیں گیم کی بہت سمجھ ہے، لہٰذا بسمہ معروف کی عدم دستیابی کے باعث انہیں ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، وہ ماضی میں بھی یہ ذمہ داری نبھا چکی ہیں اور ہمیں مستقبل میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے آخری مرتبہ 2018 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جہاں بہترین اور معیاری کرکٹ میچز دیکھنے کو ملے تھے، یہ ٹور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگا۔
سترہ کھلاڑیوں پر مشتمل قومی خواتین کرکٹ ٹیم گیارہ جنوری کو کراچی سے جنوبی افریقہ روانہ ہوگی، ٹیم میں شامل کھلاڑی فی الحال کراچی میں بنائے گئے بائیو سیکیور ماحول میں لگائے گئے کیمپ میں اپنی تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔
سکواڈ کا اعلان ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی دونوں سیریز کے لئے کیا گیا ہے جس کے مطابق جویریہ خان (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، کائنات امتیاز، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ جنوبی افریقہ روانہ ہونگی۔