اسلام آباد:وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے چینی کمپنی سائنوفارم سے کورونا ویکسین کی 12لاکھ ڈوزیز خریدنے کا اعلان کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت مہیا کی جائیں گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ابتدائی طور پر چین کی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی بارہ لاکھ ڈوزیز خریدی جائیں گی جو 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر یا کوئی اور بین لاقوامی منظور شدہ ویکسین امپورٹ کرنا چاہےتو کرسکتا ہے۔ چینی سینو فارم ویکسین 79 فیصد موثر ہے۔
کابینہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ابتدائ طور پر چین کی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی بارہ لاکھ Doses خریدی جائیں گی جو 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت مہیا کی جائیں گی، پرائیویٹ سیکٹر اگر کوئ اور بینالاقوامی طور پر منظور شدہ ویکسین امپورٹ کرنا چاہےتو وہ بھی کرسکتا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 31, 2020
اس قبل گزشتہ روز کورونا ویکسین کی خریداری سے متعلق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا،کمیٹی کا کورونا ویکسین کی دستیابی سے متعلق صورتحال پرغور کیا گیا۔اجلاس میں فواد چودھری حماد اظہر، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان کی شرکت کی۔ حکومت نے اجلس کے دوران کورونا ویکسین کی خریداری دوست ملک چین سے کرنے کا فیصلہ کیا، چین سے ویکسین کی بکنگ کا فیصلہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، کورونا ویکسین سے متعلق ڈریپ کے ماہرین کی خصوصی کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔
ڈریپ کے ماہرین نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف ممالک کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کراچکے ہیں،مختلف ممالک ویکسین کی بروقت دستیابی کیلئے ہنگامی فیصلے کررہے ہیں،کلینیکل ٹرائلز کے ابتدائی ڈیٹا کی بنیاد پر ویکسین کی بکنگ جاری ہے،ڈریپ کورونا ویکسین کے دستیاب کلینیکل ٹرائلز کا جائزہ لے رہا ہے، ایک کمیٹی نے ڈریپ کو کلینیکل ٹرائلز کا تفصیلی ڈیٹا جمع کرایا ہے۔
واضح رہے کہ روس نے بھی پاکستان کو عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین اسپتنک فائیو دینے کی پیشکش کی ہے۔اس ضمن میں حتمی جائزے کے لیے ملنے والی پیشکش وفاقی وزارت صحت کو بھجوا دی گئی ہے اور اسکی منظوری وفاقی وزارت صحت دے گی۔جبکہ امریکہ نے پاکستان کو پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی۔