SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

بھارت میں احتجاجی کسانوں نے اپنے اخبار اور چینلز کھول لیے

بھارت میں احتجاجی کسانوں نے اپنے اخبار اور چینلز کھول لیے
30 December 2020 - 14:02

دہلی: بھارت میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں نے مودی سرکار کے بیانات کا جواب دینے کے لیے اخبار کی اشاعت شروع کر دی ہے اور اپنا یوٹیوب چینل بھی کھول لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کسان تنظیمیں ستمبر میں منظور کیے جانے والے بل کو مسترد کرتے ہوئے گذشتہ دو ماہ سے سراپا احتجاج ہیں، اور مظاہرین نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انہیں بدنام کرنے کے لیے غلط بیانیے کو پھیلانے رہی ہے۔

کسان یونین کے ایک رہنما درشن پال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی جدوجہد اور مسائل کے بارے میں بتانے، حکومت اور اس کی ایجنسیوں کے پراپیگنڈے کا جواب دینے کے لیے ہم نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ، یوٹیوب چینل اور اخبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر کسان ایکتا مورچہ کا پیج چلانے والے بلجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ  کسانوں کی تحریک کو بدنام کرنے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی نے جعلی خبروں اور ویڈیوز پوسٹ کرنا شروع کر رکھی ہیں، وہ (اس پیج کے ذریعے) حکومت کے حمایتی میڈیا کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنی کہانی لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے سوشل میڈیا پر 25 لاکھ سبسکرائبرز ہیں اور ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہم 5 کروڑ لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔