SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

شہر قائد میں سرد ہواؤں کے ڈیرے ، سردی بڑھ گئی

شہر قائد میں سرد ہواؤں کے ڈیرے ، سردی بڑھ گئی
28 December 2020 - 8:24

 

کراچی :شہر قائد میں سرد ہواؤں نے ڈیرے ڈال دیے جس کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی، آج شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 9 اعشاریہ 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت 7 ڈگری تک گِرسکتا ہے، جبکہ سردی کی موجودہ لہر جمعے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات حکام کے مطابق بلوچستان کی شمالی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 36 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جب کہ سردی کی موجودہ لہر کے دوران 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق کراچی میں پیر کے روز ہواؤں کی رفتار بڑھنے اور سردی میں اضافے کے علاوہ مطلع سرد و خشک رہنے کا امکان ہے۔شہر قائد میں صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 28 اور شام کو 6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جب کہ دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی۔

دوسری جانب ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ گزشتہ روز لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بارش بھی ہوئی۔لاہور، سیالکوٹ، قصور، شیخوپورہ اور  گوجرانوالہ میں بادل برسے۔چنیوٹ اور خوشاب میں بھی بارش ہوئی۔ کوہاٹ، نوشہرہ، لوئر دیر اور ہرنائی میں یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں آج بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ بلوچستان اور سندھ میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔