SON DAKİKA

Naya Pakistan Global

کے پی کے حکومت نے صحت کے شعبہ میں نئی تاریخ رقم کردی

کے پی کے حکومت نے صحت کے شعبہ میں نئی تاریخ رقم کردی
28 December 2020 - 7:12

ایبٹ آباد:خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کے شعبہ میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی، جو کام امریکہ اور بہت سے یورپی ممالک کرنے میں ناکام رہے وہ کام خیبر پختونخوا حکومت نے کر دکھایا۔

نصف سے زیادہ خیبر پختونخوا کے اضلاع میں صحت پلس پروگرام شروع ہو گیا ہے جس کے تحت ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے ہر سال ہیلتھ انشورنس کی مد میں مل رہے ہیں۔

یکم جنوری سے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ہری پور اس پروگرام میں شامل ہو جائیں گے جبکہ 13 جنوری سے پورے خیبر پختونخوا میں اس پروگرام کو شروع کر دیا جائے گا۔

صحت سہولت پروگرام خیبر پختونخوا حکومت کا ایک میگا پراجیکٹ ہے، صحت کے حوالہ سے پاکستان کی تاریخ میں ایسا پروگرام شروع نہیں کیا گیا، ہر شخص بیماری کی صورت میں مختلف منتخب ہسپتالوں سے 10 لاکھ روپے تک صحت کی سہولیات حاصل کر سکے گا۔

پروگرام کی اہمیت کا اندازہ اس غریب شخص سے پوچھیں جو اپنے علاج معالجہ کیلئے سسک سسک کر مر رہا تھا تاہم پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے اپنا علاج نہیں کروا سکتا تھا، اب وہ بغیر کسی کے آگے ہاتھ پھیلائے حکومت کے صحت کارڈ سے اپنا علاج کروا سکے گا۔

بہت سے امراض ایسے ہیں جن پر لاکھوں روپے صرف ہوتے تھے اور پیسے نہ ہونے کی وجہ سے اکثر لوگ موت کو گلے لگاتے تھے تاہم عمران خان کی ہدایت پر شروع کردہ خیبر پختونخوا حکومت کے اس اقدام سے انہیں ایک نئی زندگی ملے گی اور ان غریب مزدوروں کی آنکھ میں امید کی چمک لانے والا عمران خان غریب کیلئے مسیحا بن چکا ہے۔