سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں مودی انتظامیہ کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مقبوضہ وادی میں بلدیاتی انتخابات میں فاروق عبداللہ کی زیر قیادت مودی مخالف گپکار اتحاد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ضلعی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر فاروق عبداللہ کی زیر قیادت نریندر مودی مخالف7 جماعتوں کے اتحاد نے کامیابی حاصل کرلی ہے، بلدیاتی انتخابات میں مودی مخالف اتحاد نے 280 میں سے 112 نشستیں حاصل کیں۔
مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے پہلے ضلعی ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات میں مقامی جماعتیں وادی میں اکثریت حاصل کررہی ہیں جبکہ جموں ریجن میں بی جے پی کا پلڑا بھاری ہے۔
گپکار الائنس میں مقبوضہ کشمیر کی 7 جماعتیں شامل ہیں اور حریف جماعتیں نیشنل کانفرنس اور محبوبہ مفتی کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گپکار الائنس گزشتہ برس 5 اگست کو بڑی آئینی تبدیلیوں کے خلاف احتجاجی کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا، ان آئینی تبدیلیوں کے تحت مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کو ختم کردیا گیا تھا اور اس کے بعد اس علاقے کو 2 یونین اکائیوں میں بدل دیا گیا تھا۔